Disable Preloader

Latest News

پشاور: صوبائی وزیر برائے اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور جناب محمد عدنان قادری کی زیرِ صدارت عشرۂ رحمت للعالمین ﷺ ۱۴۴۸ ہجری کے مجوزہ ایکشن پلان سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم تا بارہ ربیع الاول صوبہ بھر میں عشرۂ رحمت للعالمین ﷺ کے طور پر منایا جائے گا، جس کا مرکزی موضوع سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشنی میں مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور فروغِ امن ہوگا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سیرتِ طیبہ ﷺ اور تعلیماتِ نبوی ﷺ کے فروغ کے لیے صوبہ بھر میں جامع، بامقصد اور مؤثر سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ عشرے کی سرگرمیوں کا باقاعدہ افتتاح یکم ربیع الاول کو صوبائی پریس کانفرنس سے ہوگا، جبکہ سرکاری عمارتوں پر خصوصی چراغاں، بینرز اور تشہیری مواد آویزاں کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ۱۷ اگست کو ضلعی سطح پر رحمت للعالمین ﷺ کانفرنسوں، سرکاری جامعات میں سیمینارز اور حسنِ قرأت و نعت خوانی کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ہر ضلع کو ان سرگرمیوں کے لیے زیادہ سے زیادہ ۱۳ لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔ اسی طرح ۲۰ اگست کو ڈویژنل سطح پر کانفرنسیں اور مقابلے منعقد ہوں گے، جن کے لیے ہر ڈویژن کو زیادہ سے زیادہ ۲۰ لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم ۱۸ اگست کو سرکاری سکولوں، ایڈمنسٹریٹر اوقاف ۱۹ اگست کو زیرِ انتظام مدارس، جبکہ محکمہ سماجی بہبود ۲۱ اگست کو دارالامان، خصوصی تعلیمی اداروں اور بحالی مراکز میں سیرت کانفرنسوں کا انعقاد کرے گا۔

ڈویژنل مقابلوں میں کامیاب امیدواروں کے مابین صوبائی حسنِ قرأت اور نعت خوانی کے مقابلے اور عظیم الشان صوبائی تقریب کی حتمی ریہرسل ۲۴ اگست کو منعقد ہوگی۔ بارہ ربیع الاول کو عظیم الشان صوبائی سیرت النبی ﷺ کانفرنس منعقد کی جائے گی، جس میں علمائے کرام، عوامی نمائندگان، سرکاری افسران، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے تقریباً ایک ہزار افراد شرکت کریں گے۔

اجلاس میں عشرۂ رحمت للعالمین ﷺ کے خصوصی یادگاری لوگو کی منظوری، تین ہزار بیجز کی تیاری، خصوصی ریڈیو و ٹیلی وژن پروگرامز اور سوشل میڈیا مہم چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ تمام متعلقہ محکموں کو فوری طور پر انتظامی و تیاری کے اقدامات شروع کرنے اور پیش رفت سے محکمہ اوقاف کو باقاعدگی سے آگاہ رکھنے کی ہدایت کی گئی۔